کراچی: چیمپئنز ٹرافی کے اہم میچ میں جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو بآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر گروپ ’بی‘ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں انگلش کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو ناکام ثابت ہوا۔ انگلش ٹیم 39ویں اوور میں 179 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ جو روٹ 37، جوفرا آرچر 25 اور بین ڈکٹ 24 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
جنوبی افریقی بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ مارکو جانسن اور ویان مولڈر نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کیشو مہاراج نے 2، نگیڈی اور ربادا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پروٹیز بیٹرز نے 180 رنز کا ہدف بآسانی 30ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ راسی وین ڈیر ڈوسن نے 72 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جبکہ ہینرک کلاسن 64 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
مارکو جانسن کو 39 رنز دے کر 3 وکٹیں لینے اور 3 کیچ پکڑنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
انگلش کپتان جوز بٹلر نے اپنی آخری کپتانی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اچھے انداز میں اختتام چاہتے تھے۔ جنوبی افریقی کپتان ایڈن مرکرم نے کہا کہ انگلینڈ جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف فتح حاصل کرنا ٹیم کی زبردست کارکردگی کا مظہر ہے۔