گوجرانوالہ: ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے انسانی اسمگلنگ اور ویزہ فراڈ میں ملوث 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جن میں 3 اشتہاری بھی شامل ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت محمد عارف حسین، ابرار علی، امتیاز علی، محمد ایان بٹ، آصف رضا اور ذکا اللہ عرف احسان اللہ سیفی کے ناموں سے ہوئی ہے۔ یہ گرفتاریاں جہلم، ڈسکہ، سیالکوٹ، شیخوپورہ اور گوجرانوالہ میں کی گئیں۔
ابرار علی نے 6 شہریوں کو یورپ بھجوانے کے نام پر 2 کروڑ روپے بٹورے اور انہیں موریطانیہ بھجوا دیا، جہاں سے انہیں کشتی کے ذریعے یورپ بھیجنے کی کوشش کی گئی، لیکن شہریوں نے غیر قانونی سفر سے انکار کر دیا اور وطن واپس آگئے۔
آصف رضا 2022 سے اشتہاری تھا، اس نے شہریوں کو یورپ بھیجنے کے نام پر 1 کروڑ 35 لاکھ روپے لیے، لیکن انہیں یورپ کے بجائے آذربائیجان بھیج دیا، جہاں انہیں یرغمال بنا کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور تاوان کا مطالبہ کیا گیا۔
امتیاز علی نے ایک شہری کو اٹلی میں ملازمت دلوانے کے بہانے 8 لاکھ روپے وصول کیے اورایان بٹ نے ایک شہری کو برطانیہ بھجوانے کے نام پر 60 لاکھ روپے ہتھیا لیے جبکہ عارف حسین اور ذکا اللہ 2012 سے انسانی اسمگلنگ کے مقدمات میں اشتہاری تھے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کے دیگر ساتھیوں کے خلاف بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔ ترجمان ایف آئی اے نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے سے گریز کریں اور کسی بھی ویزہ ایجنٹ یا ٹریول ایجنسی کی خدمات حاصل کرنے سے پہلے مکمل تصدیق کر لیں۔