پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، کل پہلا روزہ ہوگا

 پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، کل پہلا روزہ ہوگا

اسلام آباد: پاکستان بھر میں رمضان المبارک 1446 ہجری کا چاند نظر آ گیا، جس کے بعد پہلا روزہ کل (اتوار) کو ہوگا۔ ملک بھر میں آج رات نمازِ تراویح کے اجتماعات منعقد ہوں گے۔

بھارت اور بنگلادیش میں بھی پہلا روزہ کل ہوگا، جبکہ سعودی عرب، دبئی، ابوظبی، قطر اور دیگر خلیجی ممالک میں آج پہلا روزہ رکھا گیا۔


صدر مملکت آصف علی زرداری نے رمضان المبارک کے آغاز پر پوری پاکستانی قوم اور امتِ مسلمہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ مہینہ رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کا مہینہ ہے۔

انہوں نے قوم کو تزکیۂ نفس، صبر، استقامت، ہمدردی، مساوات اور اتحاد و یگانگت کی تلقین کرتے ہوئے اپیل کی کہ غرباء و مساکین کی مدد کریں اور صدقات و خیرات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

صدر مملکت نے دعا کی کہ یہ مہینہ پاکستان کے لیے امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کا پیغام لے کر آئے۔