کراچی: چیمپئنز ٹرافی 2025 کے 11ویں میچ میں انگلینڈ کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم 179 رنز پر ڈھیر ہوگئی، یوں جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 180 رنز کا ہدف مل گیا۔
کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں کھیلے جانے والے اس اہم میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو سود مند ثابت نہ ہوسکا۔ اننگز کے آغاز میں ہی انگلش ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی، اور صرف 9 رنز کے مجموعی اسکور پر فل سالٹ 8 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
ابھی ٹیم سنبھلی بھی نہ تھی کہ 20 کے مجموعی اسکور پر جیمی اسمتھ بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے، جبکہ 24 رنز بنانے والے بین ڈکٹ بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے۔ یہ تینوں وکٹیں مارکو جینسن کے حصے میں آئیں، جنہوں نے ابتدا میں انگلش ٹیم پر دباؤ بڑھا دیا۔
99 کے اسکور پر انگلینڈ کو چوتھا نقصان اٹھانا پڑا جب ہیری بروک 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ پانچویں وکٹ جوروٹ کی گری، جو 37 رنز بنا سکے۔ اس کے بعد انگلش بلے باز وقفے وقفے سے آؤٹ ہوتے رہے، اور پوری ٹیم 179 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
پروٹیز کے باؤلرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ مارکو جینسن اور ملڈر نے تین تین، جبکہ کیشَو مہاراج نے دو وکٹیں حاصل کیں، جس کی بدولت انگلینڈ بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہا۔
جنوبی افریقہ اب تک ایک میچ جیت چکا ہے جبکہ اس کا ایک میچ بارش کی نذر ہوا تھا۔ دوسری جانب، انگلینڈ کو اپنے دونوں میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ میچ جنوبی افریقہ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات کو مزید مضبوط کرسکتا ہے، جبکہ اگر انگلینڈ بڑی فتح حاصل کرنے میں کامیاب ہوتا ہے تو افغانستان کو سیمی فائنل تک رسائی کا موقع مل سکتا ہے۔