اسلام آباد: ایوان صدر نے حکومت سے ایک سالہ کارکردگی کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق، صدر آصف زرداری پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے قبل حکومت سے ایک سالہ کارکردگی کی رپورٹ طلب کر چکے ہیں، جس میں حکومت کے اہم اقدامات اور ان کے نتائج پر تفصیل سے بات کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر اپنے خطاب میں حکومت کی معاشی کارکردگی، اہم پالیسی اقدامات اور دیگر اہم موضوعات پر بات کریں گے۔ خطاب میں کشمیر اور فلسطین جیسے عالمی اور علاقائی مسائل پر بھی گفتگو کی جائے گی۔پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا انعقاد 10 مارچ کو متوقع ہے، اور صدر کا خطاب اجلاس کا آغاز کرے گا۔ صدر کے خطاب کا دورانیہ 20 سے 25 منٹ تک ہو گا تاکہ اپوزیشن کے متوقع احتجاج سے بچا جا سکے۔ اسپیکر قومی اسمبلی اس اجلاس کی صدارت کریں گے، اور عسکری قیادت، گورنرز، وزرائے اعلیٰ سمیت صوبائی اسمبلیوں کے اسپیکرز کو بھی مدعو کیا جائے گا۔