ایسا قدم اٹھائیں گے کہ دہشتگردی دوبارہ سر نہ اٹھا سکے:وزیراعظم شہباز شریف

ایسا قدم اٹھائیں گے کہ دہشتگردی دوبارہ سر نہ اٹھا سکے:وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا اور ایسا قدم اٹھایا جائے گا کہ یہ ناسور دوبارہ سر نہ اٹھا سکے۔

اسلام آباد میں رمضان پیکیج کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت دہشتگردی کا قلع قمع کرے گی اور اس مسئلے کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کرے گی۔ "ہم ایسی قبر کھو دیں گے جس سے دہشتگردی دوبارہ سر نہ اٹھا سکے۔" وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم تب تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک دہشت گردی کا مکمل طور پر خاتمہ نہیں کر لیتے۔

وزیراعظم نے اکوڑہ خٹک میں خودکش دھماکے میں مولانا حامد الحق اور دیگر پاکستانیوں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور اس دہشت گرد حملے کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ افسوسناک ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ خیبرپختونخوا حکومت قاتلوں کو گرفتار کر کے انہیں مناسب سزا دے گی۔

شہباز شریف نے بتایا کہ 2018 میں دہشتگردی کا خاتمہ کر دیا گیا تھا، جس کے لیے 80 ہزار پاکستانیوں نے اپنی جانوں کی قربانی دی، لیکن اب دہشتگردی دوبارہ سر اٹھا رہی ہے۔ اس کے اسباب ہمیں معلوم ہیں لیکن اس وقت تفصیلات میں نہیں جانا چاہتے۔

انہوں نے کہا کہ 2022 اور 2023 میں ڈالر کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ ہوا تھا، جس کے نتیجے میں بینکوں نے اربوں روپے کا منافع کمایا۔ اس منافع پر ونڈ فال ٹیکس عائد کیا گیا لیکن بینکوں نے سٹے آرڈرز لے کر ٹیکس کے نفاذ کو روکنے کی کوشش کی۔ تاہم، گورنر سٹیٹ بینک نے عدالت کے حکم پر 23 ارب روپے بینکوں سے نکال کر خزانے میں منتقل کیے۔

وزیراعظم نے رمضان پیکیج کے بارے میں بتایا کہ اس سال 20 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جس سے 40 لاکھ خاندان مستفید ہوں گے، اور یہ رقم گزشتہ سال کے 7 ارب روپے سے تقریباً 200 فیصد زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پیکیج کے تحت پورے پاکستان کے تمام مستحق خاندانوں کو فائدہ پہنچایا جائے گا اور اس کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔

مصنف کے بارے میں