لاہور: پنجاب حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی بار دیہی خواتین کے لیے خصوصی بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس میں پنجاب کے مختلف دیہی علاقوں میں 25 بسوں پر مشتمل ماس ٹرانزٹ سسٹم شروع کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا۔ اس اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر دیہی تحصیل سے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر تک بس سروس فراہم کی جائے گی۔
مریم نواز نے دیہاتی خواتین کی سفری سہولت کے لیے جامع پلان تیار کرنے کی ہدایت کی اور ساتھ ہی خواتین مسافروں کے لیے سبسڈی دینے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے لیے ایک جدید ویمن ٹرانسپورٹ سیلوشن پلان تیار کیا جائے گا۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ دیہاتی خواتین کو ٹرانسپورٹ کی سہولت دینا ان کا حق ہے، اور ان کے لیے مناسب نظام نہ ہونے کی وجہ سے پیدا ہونے والی مشکلات کا حل ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹرانسپورٹ سسٹم کی فراہمی سے دیہی خواتین کا اعتماد بڑھے گا اور انہیں سفر میں آسانی ہوگی۔