اسلام آباد : ا سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے ایوان کے اس رکن کی شناخت کرنے کا حکم دیا ہے جس نے جمعرات کی دوپہر مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف پر اس وقت ماسک پھینکا جب وہ قومی اسمبلی کے پوڈیم پر رجسٹر آف رول پر دستخط کر رہے تھے۔
ایوان کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھانے کے بعد اس موقع پر اسپیکر بھی موجود تھے اور شہباز شریف کے کندھے پرگرنے والا ماسک نواز شریف کے قریب سے گزرا لیکن انہیں نہیں لگا۔
قومی اسمبلی کے اعلیٰ ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف کو ان کی پارٹی کے ارکان جن میں حنیف عباسی، ملک ابرار اور شہباز شریف شامل ہیں، نے ایوان کے دونوں اطراف ڈھال بنایا ہوا تھا ۔ نواز نے اسپیکر سے مصافحہ کیا اور وہ رجسٹر پر دستخط کرنے کیلئے جھکے ہوئے تھے۔
اسپیکر کے چبوترے کے سامنے جمع پی ٹی آئی کے کچھ ممبران حکمران اتحاد کی قیادت کے خلاف نعرے لگا رہے تھے، اس دوران پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین کے چہرے جیسا بنا ہوا نقاب نواز شریف کی طرف پھینکا گیا جو شہباز شریف کے کندھے پر گرا۔