اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے سردار ایاز صادق قومی اسمبلی کے تیسری مرتبہ سپیکر منتخب ہوگئے ہیں۔ ان کا مقابلہ سنی اتحاد کونسل کے عامر ڈوگر سے تھا۔ ایاز صادق 199 جبکہ عامر ڈوگر نے 91 ووٹ حاصل کیے۔ایک ووٹ مسترد ہوا۔ جے یو آئی ، بی این پی اور محمود اچکزئی نے بائیکاٹ کیا۔منتخب ہونے کے بعد انہوں نے حلف اٹھایا۔
پیپلز پارٹی کے غلام مصطفی شاہ 197 ووٹ لے کرڈپٹی سپیکرمنتخب ہوئے ہیں۔ ان کے مقابلے میں سنی اتحاد کونسل کے جنید اکبر نے 92 ووٹ لیے ۔ پیپلز پارٹی کے غلام مصطفی شاہ نے حلف اٹھالیا ہے۔
قبل ازیں اسپیکر راجا پرویز اشرف کی زیر صدات 16 ویں قومی اسمبلی کا دوسرا اجلاس ہوا جس میں سپیکر کا انتخاب کیا گیا۔ انتخاب کا عمل شروع ہونے سے قبل سپیکر نے سنی اتحاد کونسل کے ارکان عمر ایوب ، بیرسٹر گوہر اور اسد قیصر کو فلور دیا جنہوں نے مسلم لیگ ن پر شدید تنقید کی۔ سپیکر نے کہا ہے کہ ایوان کو چلنے دیں، اگر کوئی اعتراض ہے تو الیکشن کمیشن، عدالت جائیں۔اسمبلی اجلاس میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نےجن ممبران کو نوٹیفائی کیا وہ ایوان کے معززارکان ہیں، جس آرٹیکل کے تحت آپ نے حلف اٹھایا، اسی کے تحت دیگر نے بھی حلف اٹھایا۔
سنی اتحاد کونسل کے عمرایوب نے کہا ہے کہ عالیہ حمزہ سمیت دیگرارکان منتخب ہوئیں، وہ یہاں موجود ہی نہیں، نامکمل ایوان میں اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور وزیراعظم کا الیکشن کیسے ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم انصاف چاہتے ہیں، آئین و قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔ ہم نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو ایوان میں واپس لانا ہے۔
گزشتہ روز ہونے والے قومی اسمبلی کے ہنگامہ خیز اجلاس میں قومی اسمبلی کے 336 میں سے 302 ارکان نے حلف اٹھا یا تھا۔