ایتھنز : فائر سروس کے مطابق وسطی یونان میں دو ٹرینوں میں تصادم کی وجہ سے کم از کم 32 افراد ہلاک اور 85 زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق تصادم اتنا زوردار تھا کہ مسافر ٹرین کی پہلی چار بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔
فائر بریگیڈ کے مطابق منگل کو دیر رات گئے وسطی یونان میں ایک مسافر ٹرین ایک مال بردار ٹرین سے ٹکرا گئی ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔
اطلاعات کے مطابق ٹرین میں تقریباً 350 مسافر سوار تھے۔ حادثے سے متعلق متعدد مقامی نیوز سائٹس پر شائع ہونے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پٹری سے اتری ہوئی بوگیوں سے دھوئیں کے گہرے بادل اٹھ رہے ہیں۔
تھیسالی علاقے کے گورنر کونسٹنٹینوس اگوراسٹوس نے ایک مقامی ٹی وی چینل کو بتایا کہ دارالحکومت ایتھنز سے تھیسالونیکی جانے والی ایک مسافر ٹرین تھیسالونیکی سے لاریسا جانے والی ایک کارگو ٹرین سے لاریسا کے مرکزی شہر کے قریب ٹکرا گئی۔
تصادم اتنا زوردار تھا کہ مسافر ٹرین کی پہلی چار بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، جبکہ مال بردار ٹرین سے ٹکر کی وجہ سے پہلی دو بوگیاں تقریباً مکمل طور پر تباہ ہو گئیں ۔
فائر بریگیڈ نے ابتدائی طور پر بتایا تھا کہ 16 افراد ہلاک ہوئے تاہم تازہ اطلاعات کے مطابق اب 32افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ85 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
گورنر کا مزید کہنا تھا کہ ''تصادم بہت زوردار تھا'' اور مسافر ٹرین کی پہلی چار بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ مال بردار ٹرین سے ٹکر کی وجہ سے پہلی دو بوگیاں ''تقریباً مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔''