تربت: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بلوچستان کا امن اور خوشحالی اولین ترجیح ہے۔ صوبے کے نوجوان بہت باصلاحیت ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچستان کے علاقے تربت کا دورہ کیا۔آرمی چیف کو بلوچستان کی سیکیورٹی صورتحال اور بارڈر مینجمنٹ کے اقدامات کو یقینی بنانے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔آرمی چیف نے فوجیوں کے حوصلے اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔آرمی چیف نے تربت یونیورسٹی کا دورہ بھی کیا اور ضلع کیچ سے تعلق رکھنے والے معاشرے کے تمام طبقات کے نمائندوں کی ایک بڑی تعداد کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی۔ ملاقات میں ضلع کیچ کے مقامی رہنما،معروف، قبائلی عمائدین، طلباء، وکلاء اور خواتین شامل تھیں۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان بہت باصلاحیت ہیں۔ بلوچستان کے نوجوانوں اپنی تعلیم اور ہنرمندی کی ترقی کے لیے دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے ۔بلوچستان کا امن اور خوشحالی اولین ترجیح ہے۔ پاک فوج بلوچستان میں آبادی پر مبنی سماجی و اقتصادی منصوبوں کے لیے پرامن ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے ترقی اور استحکام کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ جامع قومی کوششوں کے ذریعے بلوچستان کی حقیقی صلاحیت کو بروئے کار لایا جائے گا۔ تربت پہنچنے پر کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔