خلع پر بیوی کو 100 فیصد حق مہر واپس کرنا ہوگا: شرعی عدالت کا فیصلہ 

10:40 PM, 1 Mar, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وفاقی شرعی عدالت نے خلع کی صورت میں بیوی کو وصول شدہ حق مہر 100 فیصد واپس کرنے کا فیصلہ دے دیا۔ پنجاب فیملی کورٹ ایکٹ کی دفعہ 10 کی ذیلی دفعات 5 اور 6 کالعدم قرار دے دی۔

وفاقی شرعی عدالت نے خلع کی صورت میں بیوی کو وصول شدہ حق مہر 100 فیصد واپس کرنے کا فیصلہ دیتے ہوئے کہا کہ خلع کی صورت میں بیوی کو کل ادا شدہ حق مہر کا 25 فیصد واپس کرنے کا قانون غیرشرعی ہے۔

پنجاب فیملی کورٹ ایکٹ کے مطابق خلع پر خاتون کواداشدہ حق مہر کا 25 فی صد واپس کرنا ہوتا تھا ۔ایکٹ کے تحت خلع پرشوہر غیر ادا شدہ حق مہر کا پچاس فی صد بیوی کو ادا کرنے کا پابند تھا۔

 وفاقی شرعی عدالت نے فیصلہ شیخ محمد اقبال بنام حکومت پنجاب کیس میں سنایا ۔شیخ محمد اقبال نے اپنے وکیل اسلم خاکی کے ذریعے پنجاب فیملی کورٹ ایکٹ کی دفعات کو چیلنج کیا تھا۔

وفاقی شرعی عدالت کے اٹھائیس صفحات پر مبنی فیصلے میں کہا گیا ایڈووکیٹ پنجاب نے درست معاونت فراہم نہیں کی۔وفاقی شرعی عدالت کا فیصلہ چیف جسٹس محمد نور مسکان زئی نے تحریر کیا ۔کیس کی سماعت چیف جسٹس نور محمد مسکان زئی ،جسٹس سید محمد انور اور جسٹس خادم حسین ایم شیخ نے کی۔

مزیدخبریں