عدم اعتماد کی باتیں افسانہ ہیں، آپ کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں: چودھری برادران کی وزیر اعظم کو یقین دہانی 

08:12 PM, 1 Mar, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور : چودھری برادران نے ڈٹ کر وزیر اعظم کے ساتھ کھڑے رہنے کا اعلان کردیا۔ چودھری پرویز الٰہی نے عدم اعتماد کی باتیں افسانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ  ایسی چال کا کیا فائدہ جس کی کامیابی کا کوئی چانس ہی نہ ہو۔ 

وزیر اعظم عمران خان لاہور میں چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الہٰی سے ملاقات کی ۔ وزیراعظم عمران خان نے روس کے دورے کے بارے میں آگاہ کیا۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ آپ کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل تھا۔ آپ کے دورے کے دوررس نتائج برآمد ہونگے۔ مہنگائی نے عوام کا جینا دو بھر کر رکھا ہے اس پر بھی کچھ سوچیں ۔

عمران خان نے کہا کہ مہنگائی کی روک تھام کے لئے ہی قیمتوں کو کم کیا ہے ۔ کمرشل یونٹ میں بھی پانچ روپے کمی کی ہے ۔ بجلی کے نرخوں میں کمی لائے ہیں ۔  چوہدری برادران نے وزیراعظم کے ریلیف پیکج کو سراہا اور کہا کہ وزیراعظم کا پٹرول و بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان خوش آئند ہے عوام کو نچلی سطح تک فائدہ پہنچانے کیلئے وزیروں کی ڈیوٹی لگائیں وہ بازاروں میں قیمتوں کی کمی پر نظر رکھیں۔

چودھری برادران نے کہا کہ چودہ سال بعد شہباز شریف کو ہمارا خیال آگیا ۔ شہباز شریف کو بتا دیا تھا عمران خان کو ہٹا نہ سکے تو وہ پہاڑ پر اور ہم زمین کے نیچے دھنس جائیں گے ۔ ایسی چال کا کیا فائدہ جس کی کامیابی کا کوئی چانس ہی نہ ہو۔  

چودھری برادرا ن نے وزیر اعظم کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آپ کے ساتھ سیاست کریں گے ۔ عدام اعتماد کی باتیں افسانے ہیں ۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار، عبدالرزاق داؤد، فواد چودھری، سالک حسین، حسین الٰہی، مخدوم خسرو بختیار، شفقت محمود، حماد اظہر، عامر ڈوگر، شافع حسین، راسخ الٰہی، منتہا اشرف اور محمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔ 

مزیدخبریں