بھارت کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہوں گے، جلد تمام ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی: شیخ رشید

12:43 PM, 1 Mar, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ بھارت نے گزشتہ روز وہی کچھ کرنے کی کوشش کی جو نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کے وقت کیا تھا مگر اسے اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان کرکٹ سے پیار کرنے والی قوم ہے اور آسٹریلین ٹیم ہماری مہمان نوازی سے لطف اندوز ہو گی۔ ہندوستان نہیں چاہتا کہ پاکستان کو کرکٹ جیسی خوشی بھی ملے اور گزشتہ روز اس نے وہی کچھ کرنے کی کوشش کی جو نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کے وقت کیا۔ 
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بھارت کو اس کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور جلد ہی برطانوی کرکٹ ٹیم بھی پاکستان کا دورہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل ہیں، نیوزی لینڈ کو بھی بھرپور سیکیورٹی دی مگر وہ بھارتی سازش کا شکار ہوئے۔ 
شیخ رشید نے کہا کہ بہت جلد تمام ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی، وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اسلام آباد میں نیا کرکٹ سٹیڈیم اور فائیو سٹار ہوٹل بنانے کا کہا ہے اور جلد ہی اس مقصد کیلئے بڈنگ کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔ 

مزیدخبریں