پنجاب میں سی این جی سٹیشنز مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ

11:46 AM, 1 Mar, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: پنجاب میں 85 دن کی طویل بندش کے بعد سی این جی سٹیشنز مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جبکہ گھروں میں گیس کا پریشر بہتر ہونے کی نوید بھی سنائی گئی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق سی این جی ایسوسی ایشن کے چیئرمین غیاث پراچہ کا کہنا ہے کہ پہلے ہفتے میں پیر، بدھ اور جمعہ کے روز گیس سٹیشنز کھولے جائیں گے جہاں صبح 9 سے شام 5 بجے تک گیس ملے گی۔ 
انہوں نے بتایا کہ دوسرے ہفتے سے گیس کی صورتحال بہتر ہو جائے گی اور سی این جی سٹیشنز کھلنے سے عوام کو فائدہ ہو گا، روزگار بحال ہونے کیساتھ ساتھ امپورٹ بل میں اربوں روپے کی کمی ہو گی۔ 
دوسری جانب سوئی گیس حکام کا کہنا ہے کہ گیس کی صورتحال بہتر ہو گئی ہے جس کے باعث پاور، سیمنٹ اور ٹیکسٹائل سمیت دیگر سیکٹرز کیلئے بھی گیس کھولنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پنجاب میں گھروں کا پریشر بدھ سے بہتر ہو جائے گا۔

مزیدخبریں