ملائیشیا میں کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز نہ لگوانے والوں کے مسجد میں داخلے پر پابندی

11:01 AM, 1 Mar, 2022

نیوویب ڈیسک

کوالالمپور: ملائیشیا میں کورونا وائرس ویکسین کی بوسٹر ڈوز نہ لگوانے والے نمازیوں کے مسجد میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے جس پر شہریوں کی جانب سے ملاجلا ردعمل ظاہر کیا جا رہا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ملائیشیا میں کورونا وائرس ویکسین کی بوسٹر ڈوز نہ لگوانے والوں کو مسجد میں نماز ادا کرنے سے روک دیا گیا ہے اور سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ وائرل ہورہی ہے جس میں لوگوں سے پہلے ان کے ڈوز کا سرٹیفکیٹ دکھانے کیلئے کہا جارہا ہے، اس کے بعد ہی مسجد میں داخل ہونے دیا جارہا ہے جبکہ جو لوگ سرٹیفکیٹ نہیں دکھا سکے، انہیں اندر جانے کی اجازت نہیں ملی۔
صارفین کی جانب سے اس معاملے پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ اگر بوسٹر ڈوز وباءپر قابو پانے کا طریقہ ہے تو اس میں کوئی برائی نہیں جبکہ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ ویکسین کورونا وائرس کے خلاف نہیں بلکہ لوگوں کو بچہ پیدا کرنے سے روکنے کیلئے ہے۔
واضح رہے کہ ملائیشیا میں ایسے پمفلٹ بھی تقسیم کئے جارہے ہیں کہ جن میں بتایا گیا ہے کہ بوسٹر ڈوز نہ لگوانے والے افراد مسجد میں جمعہ کی نماز ادا نہیں کرسکیں گے تاہم اس کے باوجود بھی لوگ ڈوز لئے بغیر ہی مسجد پہنچ رہے ہیں جس پر انہیں داخلے سے منع کیا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں