لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آسٹریلین کرکٹرز کے خاندان کو بھارت کی جانب سے دھمکیاں ملنے کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے سے مکمل باخبر ہیں اور ہماری سیکیورٹی ایجنسیز دونوں کرکٹ بورڈز کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے ترجمان کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ سوشل میڈیا سرگرمیوں کیلئے جامع سیکیورٹی پلانز ترتیب دیئے گئے ہیں اور اس حوالے سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ پی سی بی اس معاملے سے مکمل باخبر ہے اور سیکیورٹی ایجنسیز واقعے کی تحقیقات کر رہی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی روکنے کیلئے ایک بھارتی شخص کی جانب سے آسٹریلین کرکٹ ٹیم کو دھمکی آمیز پیغامات بھیجے گئے ہیں تاکہ وہ بھی نیوزی لینڈ کی ٹیم کی طرح دورہ ادھورا چھوڑ کر چلی جائے۔ 26 فروری کوپاکستان پہنچنے والی آسٹریلین ٹیم کے ایک رکن کے خاندان کو انسٹا گرام پر دھمکی آمیز پیغامات بھیجے گئے۔
بظاہر دھمکی آمیز پیغامات بھجوانے کیلئے انسٹا گرام پر جعلی اکاﺅنٹ jyot.isharma391 کا استعمال کیا گیا مگر تفصیلی تحقیقات کے دوران دھمکی آمیز پیغامات کے پیچھے بھارتی گجرات میں مقیم مرائدل تیواڑی کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت سامنے آئے ہیں۔
مرائدل تیواڑی بھارتی گجرات میں آئی ایم سی لمیٹڈ میں بطور انوائرمینٹل، ہیلتھ اور سیفٹی آفیسر کے طور پر کام کرتا ہے جس کا ای میل ایڈریس mridul.tiwari07@gmail.com جبکہ موبائل فون 00917060185885 نمبر ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال پاکستان کے دورے پر آئی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے اہل خانہ کو بھی اسی طرح دھمکیاں دی گئی تھیں جس کے بعد وہ پہلے میچ سے قبل دورہ ادھورا چھوڑ کر واپس چلی گئی تھی جبکہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے بھی اپنا شیڈول دورہ ملتوی کردیا تھا۔