ریحام خان کا تیسری شادی اور سیاست میں انٹری کی خواہش کا اظہار

08:31 AM, 1 Mar, 2022

نیوویب ڈیسک

کراچی: وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے سیاسی جماعت میں شمولیت اور تیسری شادی سے متعلق اپنی خواہشات کا اظہار کر دیا۔

کراچی پریس کلب میں گزشتہ روز ’میٹ دی پریس‘ پروگرام میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ریحام خان نے کہا کہ شادی نہ صرف ضروری ہے بلکہ ایک خاتون نے ان کا ہاتھ دیکھ کر بھی تیسری شادی کا کہا تھا۔وزیراعظم کی سابقہ اہلیہ نے سیاست میں انٹری سے متعلق سوال پر کہا کہ جب کسی اچھی سیاسی جماعت کی طرف سے پیشکش آئے گی، تب وہ ضرور پاکستانی سیاست میں حصہ لیں گی۔

 ریحام خان نے کہا کہ وہ  بنیادی طور پر ایک صحافی ہیں اور پاکستانی معاشرے میں خواتین صحافیوں کی حمایت کرنا چاہتی ہیں۔انہوں نے ملک کی موجودہ سیاسی  صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کل ملک کی تمام سیاسی جماعتیں سڑکوں پر ہیں تو پارلیمنٹ میں کون ہے؟ ۔ انہوں نے پیش گوئی کی کہ موجودہ حکومت رواں مالی سال میں مالیاتی خسارے کا ریکارڈ توڑنے والی ہے۔

ریحام خان کا کہنا تھا کہ  وہ خبروں میں نہیں آنا چاہتیں لیکن پھر بھی بلا وجہ خبر بن جاتی ہیں، مزید کہا کہ ان کی کتاب کا ہر صفحہ پڑھنے سے تعلق رکھتا ہے۔

مزیدخبریں