ٹی 20 ورلڈکپ کے بھارت میں انعقاد پر کوئی مسئلہ نہیں، ہمیں ویزوں اور سیکیورٹی کی یقین دہانی چاہئے: احسان مانی کا دوٹوک اعلان

10:12 PM, 1 Mar, 2021

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ بھارت میں ٹی 20 ورلڈکپ کے انعقاد سے کوئی مسئلہ نہیں مگر ویزوں اور سیکیورٹی کی یقین دہانی چاہئے، اس حوالے سے جتنی جلد صورتحال واضح ہو جائے، بہتر ہو گا۔ 

تفصیلات کے مطابق غیر ملکی خبر رساں ادارے کو دئیے گئے انٹرویو میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ ہم رواں سال ٹی 20 ورلڈکپ بھارت میں ہونے کی مخالفت نہیں کر رہے،البتہ ہمارا مطالبہ ہے کہ کرکٹرز، معاون سٹاف اور صحافیوں کیلئے ویزوں اور سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ویمنز ٹیم نے 2109ء میں آئی سی سی کوالیفائرز میں شرکت کیلئے بھارت جانا تھا اور اس وقت بی سی سی آئی کا کہنا تھا کہ حکومت کو لکھا ہے مگر جواب موصول نہیں ہورہا،مہینوں انتظار کے بعد بالآخر بتایا گیا کہ اب بہت دیر ہوچکی یوں پاکستان ٹیم میچ نہ کھیل پائی اور پوائنٹس برابر تقسیم ہوئے،ہم نہیں چاہتے کہ ایسی صورتحال دوبارہ پیدا ہو، یہ عالمی کرکٹ کیلئے بھی بہتر نہیں ہوگا۔

احسان مانی نے کہا کہ ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے ویزوں کی یقین دہانی 31دسمبر تک موصول ہونا تھی، جنوری میں بی سی سی آئی کے صدر سارو گنگولی کے بیمار ہونے پر انہوں نے مزید وقت مانگا، اب مجھ سے سٹیک ہولڈرز اور میڈیا اس حوالے سے پوچھ رہے ہیں، معاملہ ایک بار پھر آئی سی سی کے سامنے اٹھایا ہے، جتنی جلد صورتحال واضح ہوجائے بہتر ہوگا تاکہ معاملات طے ہونے کی ڈیڈلائن نہ گزر جائے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں میگا ایونٹ کروانے کا مطالبہ کیا جا سکتا ہے تاہم بھارت سمیت کسی کے ساتھ بھی باہمی سیریز کسی نیوٹرل مقام پر نہیں کھیلیں گے،ایشیاء کپ جیسا کوئی ایونٹ ہوا تو اس کی یواے ای میں میزبانی کا فیصلہ ممبران کی مشاورت سے ہو گا۔

مزیدخبریں