کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے سیزن میں ایک مرتبہ پھر اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ بننے والے آل راؤنڈر افتخار احمد نے کہا ہے کہ میری نظریں ٹی 20 ورلڈ کپ پر مرکوز ہیں جس میں عمدہ کارکردگی دکھانے کیلئے پرعزم ہوں۔
تفصیلات کے مطابق افتخار نے 2018 میں ٹائٹل جیتنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے ڈیبیو کیا تھا، جس کے بعد وہ کراچی کنگز کا حصہ بنےاور اب پھر سے دو مرتبہ کی چیمپیئن اسلام آباد کا حصہ بن گئے ہیں۔اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میں رواں سال ہونے والے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں عمدہ کارکردگی کیلئے پرعزم ہوں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری ہونے والے انٹرویو کے دوران خود پر تنقید کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تنقید سے پریشانی نہیں بلکہ مزید محنت کی ترغیت ملتی ہے، ٹیم میں مڈل آرڈر بیٹسمین کا کردار گیم کو طول دینا اور اچھے انداز میں فنش کرنا ہوتا ہے اور میں ہمیشہ اپنی اچھی کارکردگی سے لطف اندوز ہوتا ہوں۔
افتخار احمد رواں سال پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں اپنے پہلے میچ میں صرف ایک سکور ہی بنا سکے تھے تاہم دوسرے میچ میں انہوں نے متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 49رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر کراچی کنگز کو شکست سے دوچار کیا تھا۔وہ پشاور زلمی کے خلاف میچ میں دیگر بلے بازوں کی طرح بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے تھے اور صرف سات رنز ہی بنا سکے۔