کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائٹڈ کے درمیان آج کھیلا جانے والا میچ ملتوی

07:37 PM, 1 Mar, 2021

اسلام آباد: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن میں آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے شیڈول میچ  ملتوی کر دیا گیا ہے جو اب منگل کے روز شام سات بجے کھیلا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ کے آسٹریلین کھلاڑی فواد احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر میچ منسوخ کیا گیا۔اس سے قبل پی سی بی نے میچ کا وقت تبدیل کر کے 9 بجے کروانے کا اعلان کیا تھا۔ 

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بتایا کہ فواد احمد کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کوئٹہ اور اسلام آباد کے کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ لیے گئے جو تمام منفی آئے ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے سکواڈ میں شامل ایک غیر ملکی کھلاڑی کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد دونوں ٹیموں کو ہوٹل میں ہی روک لیا گیا ہے اور تمام کھلاڑیوں کے ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیموں کے درمیان میچ شام سات بجے شیڈول تھا۔ 

 دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ فرنچائز کی جانب سے جاری بیان میں فواد احمد کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کی گئی۔  فرنچائز کا کہنا تھا کہ دیگر تمام کھلاڑیوں کے ٹیسٹ کی رپورٹس منفی آئی ہیں اور سب کھیلنے کیلئے دستیاب ہیں۔ 

مزیدخبریں