پاک فوج کے سربراہ سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

07:34 PM, 1 Mar, 2021

راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی، مجموعی علاقائی سلامتی بشمول افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے پیر کو جی ایچ کیو راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر تبالہ خیال کیا گیا جبکہ افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے پیشرفت پر بھی غور کیا گیا۔

خیال رہے اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے راولپنڈی میں لاجسٹک تنصیبات کا دورہ کیا اور اس موقع پر انہوں نے ورکشاپ کی مختلف سہولیات کا معائنہ کیا۔ ورکشاپ پہنچنے پر چیف آف لاجسٹک سیل لیفٹیننٹ جنرل اظہر صالح عباسی نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے آرمی کی خصوصی ٹرانسپورٹ کی دیکھ بھال کا بھی جائزہ لیا۔

آرمی چیف کو مختلف سہولیات اور گاڑیوں کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور انہوں نے گاڑیوں کی دیکھ بھال کے حوالے سے جدید انجینئرنگ معیار کو قائم رکھنے کے حوالے سے بھی تعریف کی۔

مزیدخبریں