’اسلام آباد یونائٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا میچ 8 بجے شروع نہیں ہو گا بلکہ۔۔۔‘ میچ مزید تاخیر کا شکار ہو گیا، صحیح وقت جانئے

06:37 PM, 1 Mar, 2021

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی فواد احمد کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کے باعث آج نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف شیڈول میچ دو گھنٹے تاخیر کے ساتھ رات نو بجے شروع ہو گا۔ 

تفصیلات کے مطابق  پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن میں آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیموں کے درمیان میچ شیڈول ہے تاہم اسلام آباد یونائیٹڈ کے سکواڈ میں شامل فواد احمد کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے پر کھلبلی مچ گئی اور میچ موخر کر دیا گیا جو اب دو گھنٹے تاخیر کیساتھ رات نو بجے شروع ہو گا۔ 

واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے سکواڈ میں شامل فواد احمد کا کوویڈ 19 ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد دونوں ٹیموں کو ہوٹل میں ہی روک لیا گیا اور تمام کھلاڑیوں کے ٹیسٹ کئے گئے۔ بعد ازاں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے جاری بیان میں فواد احمد کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کی گئی اور بتایا گیا کہ باقی تمام کھلاڑی کے ٹیسٹ کلیئر آ چکے ہیں اور میچ کیلئے دستیاب ہیں۔ 

یاد رہے کہ اس سے قبل یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ آج نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شیڈول میچ ایک گھنٹے تاخیر کے بعد آٹھ بجے شروع ہو گا تاہم اب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے جاری بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ میچ ایک گھنٹے نہیں بلکہ دو گھنٹے کی تاخیر کیساتھ رات نو بجے شروع ہو گا۔ 

مزیدخبریں