کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن میں آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں میدان میں اتریں گی تاہم اسلام آباد یونائیٹڈ کے سکواڈ میں شامل ایک کھلاڑی کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے پر کھلبلی مچ گئی ہے اور میچ موخر کر دیا گیا ہے تاہم اب یہ بھی معلوم ہو گیا ہے کہ مذکورہ کھلاڑی کا تعلق کس ملک کیساتھ ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ کے سکواڈ میں شامل ایک غیر ملکی کھلاڑی کا کوویڈ 19 ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد دونوں ٹیموں کو ہوٹل میں ہی روک لیا گیا ہے اور تمام کھلاڑیوں کے ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیموں کے درمیان یہ میچ شام سات بجے شیڈول تھا تاہم اس معاملے کے بعد اب یہ ایک گھنٹے تاخیر کے بعد آٹھ بجے ہو گا۔
سپورٹس صحافی شعیب جٹ نے نام لئے بغیر دعویٰ کیا ہے کہ مذکورہ کھلاڑی کا تعلق آسٹریلیا سے ہے جو ناشتے کی ٹیبل ، گراؤنڈ اور لابی شیئر کرتا رہا اور تمام کھلاڑیوں کیساتھ گھل مل کر رہا اور اس سارے واقعے کی وجہ سے پوری لیگ خطرے میں پڑ گئی ہے۔ شعیب جٹ نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ اس معاملے کے بعد پی ایس ایل میں شرکت کیلئے پاکستان میں موجود غیر ملکی کھلاڑی کافی پریشان ہیں۔