لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ ایک بار پھر ثابت ہو گیا کہ آئین ، ووٹ چوروں کی چالبازیوں ، بدنیتی پہ مبنی ریفرنسوں اور سازشی آرڈینینسوں سے بہت بالاتر ہے ۔
اپنی ٹویٹ میں مریم نواز نے کہا کہ اب کھمبے نوچتی کھسیانی بلیاں ٹیکنالوجی کا واویلا کر رہی ہیں ۔ یاد رکھو کہ کوئی آر ٹی ایس اور ڈسکہ دھند ٹیکنالوجی اب نہیں چلے گی ! ووٹ کی طاقت سے ڈرتے کیوں ہو ؟
دوسری جانب مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ فیصلہ کسی کی ہار جیت نہیں ، آئین کے مطابق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کو شفاف بنانا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے ۔ الیکشن آرٹیکل 226 کے تحت کرانے ہی ہمارا موقف تھا اور آئینی ترمیم کرنا پارلیمنٹ کا کام ہے ۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومتی ترجمان سپریم کورٹ کے فیصلے کو ٹوئسٹ دینے کی کوشش کر رہے ہیں ، درخواست یہی تھی کہ سینیٹ انتخابات قانون کے مطابق ہونی چاہیے ، انہوں نے کہا کہ گزشتہ چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں تحریک انصاف نے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر الیکشن چوری کیا ، جس کے ہم متاثرین ہیں ۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پچھلے چیئرمین سینیٹ کے انتخابات میں عمران صاحب گلے مل رہے تھے اور خوشیاں منا رہے تھے ۔
( بشکریہ نئی بات )