لاہور: وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا آئینی اور قانونی فیصلہ ہے، سینیٹ الیکشن دلچسپ ہوں گے ۔ حفیظ شیخ اسلام آباد سے جیتیں گے، باقی صوبوں میں سیٹلمنٹ ہو رہی ہے، خیبرپختونخوا میں بھی بات چیت چل رہی ہے اس کا فیصلہ بھی آج شام تک ہو جائے گا۔
سپریم کورٹ نے سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ صدارتی ریفرنس پر رائے دیتے ہوئے کہا کہ سینیٹ انتخابات خفیہ ہی ہوں گے۔ عدالت نے سینیٹ انتخابات سے متعلق رائے کا فیصلہ چار ایک کی اکثریت سے دیا۔ جسٹس یحیٰ آفریدی نے فیصلے سے اختلاف کیا۔
سپریم کورٹ نے اپنی رائے میں کہا کہ آئین کے آرٹیکل 226 کے تحت سینیٹ الیکشن خفیہ ہوں گے، الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کو یقینی بنائے، انتخابی عمل سے کرپشن ختم کرنا اور شفاف انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔