لاہور: پاکستانی فلم انڈسٹری کے مایہ ناز اداکار اعجاز درانی قضائے الہٰی سے انتقال کر گئے ہیں، مرحوم کی عمر 86 برس تھی۔
اعجاز درانی پاکستانی فلم انڈسٹری کو کئی لازوال فلمیں دیں، ان کا شمار اپنے وقت کے سپر سٹارز میں ہوتا تھا۔
مرحوم اعجاز درانی 1935ء میں صوبہ پنجاب کے علاقے جلال پور جٹاں کے نواحی گاؤں میں پیا ہوئے تھے۔
انہوں نے سب سے پہلے جس فلم کے اندر اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے اس کا نام حمیدہ تھا، اس فلم کی ہدایت کاری منشی دل نے دی تھی جو 1956ء میں ریلیز ہوئی۔
بعد ازاں انہوں نے ہدایت کار داؤد چاند کی فلم مرزاں صاحباں میں ایک منفی رول ادا کرکے اپنے ورسٹائل اداکار ہونے کا ثبوت دیا۔
تاہم اعجاز درانی کو جس فلم سے شہرت نصیب ہوئی اس کا نام بڑا آدمی تھا۔ 1957ء میں ریلیز ہونے والی اس فلم کو ہدایت کار ہمایوں مرزا نے بنایا تھا۔ اس فلم میں اداکارہ مینا شوری نے ان کے مدمقابل ہیروئن کا کردار ادا کیا تھا۔
اعجاز درانی کو لیڈ رول جس فلم میں ملا اس کا نام راز تھا، اس فلم میں ان کے مدمقابل ہیروئن مشہور اداکارہ مسرت شاہین تھیں۔
مرحوم اداکار نے ایکٹنگ کیساتھ ساتھ فلمسازی میں بھی قسمت آزمائی کی اور اس میدان میں بھی کامیاب رہے۔
اعجاز درانی نے اپنے وقت کی مشہور اداکاراؤں نورجہاں اور فردوس سے شادیاں کیں لیکن دونوں ناکام ہوئیں۔