نوشہرہ: تحریک انصاف کے رہنما اور وزیر دفاع پرویز خٹک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 63 میں ووٹ چوری ہونے کے ثبوت موجود ہیں، یہ تمام ثبوت الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیئے گئے ہیں۔
یہ اہم بیان انہوں نے گزشتہ روز نوشہرہ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ نوشہرہ کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے دھڑلے سے چوری کی گئی، ہم نے چھ ہزار ووٹوں کی چوری پکڑ لی ہے۔ (ن) لیگی رہنماؤں کی جانب سے الیکشن جیتنے کا دعویٰ غلط ہے، انہوں نے الیکشن جیتا نہیں بلکہ اسے چوری کیا ہے۔
پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ ہم نے اس ضمن میں اہم ثبوت اکھٹے کرکے انھیں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حوالے کر دیا ہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ووٹ چوری کرنے والے اب کسی صورت نہیں بچ سکتے۔ پی کے 63 میں جن لوگوں نے چوری کی میں ان کو منطقی انجام تک پہنچاؤں گا۔ مخالفین جانتے ہیں کہ میں جس چیز کے پیچھ پڑ جاؤں اسے پایہ تکمیل تک پہنچاتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اتحاد نے سینیٹ انتخابات کے لئے پیسوں سے بھری تجوریاں کھول دی ہیں۔