واشنگٹن: امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ میرا کوئی نئی پارٹی بنانے کا ارادہ نہیں، ری پبلکن کوپہلے سے زیادہ مضبوط اورمنظم کیا جائے گا۔
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بات کنزرویٹو پولیٹیکل ایکشن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی پارٹی بنانے سے متعلق مجھ سے منسوب خبریں جعلی ہیں۔
انہوں نے ایک بار پھر اپنے الزام کو دہراتے ہوئے کہا کہ نومبر میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخاب کو چرایا گیا تھا۔ فی الحال وائٹ ہاؤس کی دوڑ ہار گیا لیکن انھیں اگلی بار شکست دینے کا فیصلہ کر سکتا ہوں۔
خیال رہے کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ الیکشن میں شکست کے بعد اب منظر عام پر آئے ہیں۔ اپنے دور صدارت میں وہ سوشل میڈیا پر کافی ایکٹو تھے لیکن ٹویٹر اور فیس بک انتظامیہ نے ان پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔
سوشل میڈیا چلانے والی کمپنیوں کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف اٹھائے گئے اس اقدام کی عالمی سطح پر مذمت کی گئی ہے اور اسے بنیادی انسانی حقوق اور آزادی اظہار رائے کے اصولوں کے منافی قرار دیا ہے۔
دراصل ڈونلڈ ٹرمپ پر یہ مستقل پابندیاں اس وقت عائد کی گئی تھیں جب ان کے ایک بیان کی وجہ سے ان کے حامیوں نے کیپٹل ہل پر حملہ کر دیا تھا۔ مشتعل ہجوم نے امریکی سیاست کی علمدار عمارت پر قبضہ کرکے وہاں توڑ پھوڑ کی اور آگ لگا دی۔
امریکی سیکیورٹی فورسز نے بہت مشکل سے صورتحال پر قابو پایا۔ مشتعل ہجوم اور سیکیورٹی فورسز کیساتھ مدبھڑ میں 4 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔۔
اس واقعے کیخلاف امریکی کانگریس میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف مواخذے کی تحریک پیش کی گئی لیکن وہ اس سے بچ نکلے تھے۔