رانی پور: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور اپنے خوابوں سے سیاسی پیش گوئیاں کرنے والے منظور وسان نے وزیر ریلوے شیخ رشید کو منحوس قرار د یتے ہوئے کہا ہے کہ جب سے شیخ رشید کو ریلوے کی وزارت ملی ہے تب سے ریلوے میں حادثات نہیں رکے.
ریلوے کو سدھارنے کے بجائے شیخ رشید ادھر ادھر کی باتیں کرتے ہیں اور سارا ملبہ مخالفین پر ڈالتے ہیں۔
رانی پور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے منظور وسان نے کہا کہ ہم جیل اور سختیوں کی پیداوار ہیں، میرے خلاف 1990 میں اس وقت کلاشنکوف کا مقدمہ درج کیا گیا تھا جب جام صادق وزیر اعلی سندھ تھے۔ شیخ رشید کو ہر نیوز کانفرنس میں اپنے خلاف ایک مقدمے کا ذکر نہیں بھولتا۔
منظور وسان کا کہنا تھا کہ عمران خان پر سرمایہ لگانے والوں میں سے 80 فیصد ان کا ساتھ چھوڑ چکے ہیں جب کہ دیگر 20 فیصد سرمایہ کار اور ٹھیکیدار بھی اس سال چھوڑ جائیں گے۔ عمران خان کی حکومت اس سال نہیں رہے گی، انہیں گھر بھیج دیا جائے گا۔