بارسلونا : سپینش حکومت کا ملک میں مقیم چار لاکھ کے قریب برطانوی شہریوں کو مستقل رہائش کے اجازت نامے جاری کرنے کا فیصلہ ۔
ہسپانوی روزنامے ’ایل پائس‘ نے آج اپنے آن لائن ایڈیشن میں حکومتی ذرائع کے حوالے سے لکھا کہ سپین اپنی پوری کوشش کر رہا ہے کہ وہ برطانیہ کے یورپی یونین سے آئندہ اخراج کے لیے ہر حوالے سے تیار رہے۔
برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے نے یورپی یونین کے ساتھ بریگزٹ سے متعلق ایک باقاعدہ معاہدہ طے تو کر لیا تھا لیکن لندن میں ملکی پارلیمان نے ابھی تک اس معاہدے کی منظوری نہیں دی۔ دوسری طرف اس میں بھی کوئی شک نہیں کہ برطانیہ اپنے اب تک کے اعلان کردہ پروگرام کے مطابق 29 مارچ تک یورپی یونین سے نکل جائے گا۔
برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج کے لیے بریگزٹ کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے لیکن اگر لندن کو یونین کے ساتھ کسی ڈیل کے بغیر ہی بریگزٹ پلان پر عمل کرنا پڑا تو اس کے لیے ماہرین ’ہارڈ بریگزٹ‘ کی اصطلاح استعمال کر رہے ہیں۔