راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان اپنے دفاع میں کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے برطانوی، آسٹریلوی، چینی اور یو ایس سینٹ کام کمانڈر سمیت امریکا، برطانیہ اور چین کے پاکستان میں سفرا سے ٹیلیفونک گفتگو کی جس میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے باعث خطے پر پڑنے والے اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور مختلف ممالک کے فوجی سربراہوں کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو میں پاک بھارت کشیدگی کے باعث سرحدی تناؤ اور خطے کے امن و استحکام پر بات چیت کی گئی جب کہ اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے دفاع میں کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دے گا۔