اسلام آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے سزا معطلی کی درخواست پر فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
نوازشریف کی جانب سے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وہ جیل میں قید ہیں اور انہیں سنگین نوعیت کی بیماریاں ہیں۔ اس لیے سزا کو معطل کرتے ہوئے انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے۔
سپریم کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں وفاق، نیب ، جج احتساب عدالت اور جیل سپرٹینڈنٹ کو فریق بنایا گیا ہے۔ خیال رہے کہ نواز شریف نے طبی بنیادوں پر سزا معطلی کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی تھی جسے مسترد کر دیا گیا تھا۔
احتساب عدالت نے نوازشریف العزیزیہ ریفرنس میں سات سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی جبکہ ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو ضمانت مل چکی ہے۔