اسلام آباد: پاکستان کی جانب سے گرفتار بھارتی پائلٹ ابھینندن کو آج رہا کیا جائے گا۔ گرفتار بھارتی پائلٹ کو واہگہ بارڈر پر بھارتی ہائی کمیشن حکام کے حوالے کیا جائے گا۔
وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے بھارتی پائلٹ کو جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کی امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کو اس کی کمزوری نہ سمجھا جائے جبکہ افواج پاکستان اور قوم،وطن کا دفاع کرنا جانتی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران اعلان کیا تھا کہ پاکستان امن چاہتا ہے اور جذبہ خیرسگالی کے تحت گرفتار بھارتی پائلٹ کو رہا کر دیا جائے گا۔
پائلٹ کی رہائی کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم نے بھارت کو یہ بھی پیغام بھی دیا کہ پاکستان کی جانب بڑھنے والا ہر ہاتھ کاٹ دیا جائے گا۔
واضح رہے بدھ کے روز پاک فضائیہ نے لائن آف کنٹرول پار کرنے والے بھارتی مگ 21 بائسن طیارے کو مار گرایا تھا اور اس کے پائلٹ، ونگ کمانڈر ابھینندن کو پاکستانی فورس نے گرفتار کر لیا تھا۔