سینیٹ انتخابات میں مجھے پیسوں کی پیشکش ہوئی :عمران خان

09:45 PM, 1 Mar, 2018

اسلام آباد:تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ایک بار پھر سینیٹ انتخابات کی شفافیت پر سوال اٹھا دئیے ، کہتے ہیں ارکان اسمبلی کی بولیاں لگ رہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں پیسوں کی پیشکش ہوئی ، ارکان اسمبلی کی بولیاں لگ رہی ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف اقتدار میں آئی تو سینیٹ الیکشن براہ راست ہو گا ، چیرمین پی ٹی آئی نے بلین ٹری منصوبے پر تنقید کو بلاجواز قرار دیدیا۔

انھوں نے سیاسی مخالفین پر جوابی وار کرتے ہوئے کہا کہ فیصل سبحان نے جرم کا اعتراف کیا توا سے غائب کرا دیا گیا ، عمران خان نے مزید کہا کہ بنی گالا کا این او سی جعلی نہیں ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں بڑے لوگ آفر کر رہے ہیں ، مجھے بھی آفر آئی ، سب کو پتہ ہے سینیٹ کے الیکشن میں پیسہ چلتا ہے ، افسوس ہے کبھی کسی نے اس سسٹم کو ٹھیک کرنے کی کوشش نہیں کی۔

انھوں نے کہا کہ ہم پہلی یہ چیز کریں گے ، سینیٹ کا الیکشن ڈائریکٹ کرائیں گے ، ضلعی حکومت کے ناظم اور نائب ناظم کا الیکشن بھی ڈائریکٹ کرائیں گے ، ہم نے یہ سسٹم ہی بدل دینا ہے جو کرپشن کو فروغ دے۔

عمران خان نے کہا کہ پنجاب میں جنگل ختم ہوئے ، راجن پور میں تجاوزات قائم ہوئیں اور یہاں جس نے کام کیا اس پر ن لیگ واویلا کر رہی ہے ، ایک سو پچاس ارب کے ہائیڈرو بجلی کے معاہدے سائن کئے ، وفاق اس کی قیمت کا تعین ہی نہیں کر رہا۔

پاکستان کی سب سے بڑی ناکامی ہے گرے لسٹ میں شامل ہونا ، یہ بھارت کی کامیابی ہے جو ہمیں تنہا کر رہا ہے ، پٹرول پر بیس فیصد ٹیکس دیتے ہیں یہ ڈائریکٹ ٹیکس اکٹھا کر نہیں سکتے  ، منی لانڈرنگ کر رہے ہیں سارے کے سارے۔

انھوں نے کہا کہ فیصل سبحان غائب ہوا ہے ابھی تک اس نے یہ کہا میٹرو سے کک بیکس باہر وصول کی جا رہی ہے ، بنی گالہ کا این او سی جعلی بنانے کی ضرورت کیا ہے ، کیا میں چوری کر رہا ہوں۔

مزیدخبریں