نواز شریف، عمران خان نے ملکی مفادات کیخلاف کام کیا: قمر الزمان کائرہ

08:02 PM, 1 Mar, 2018

سیالکوٹ: پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب کے صدر قمر الزمان کائرہ نے کہا ہے کہ نواز شریف اور عمران خان نے ملکی مفادات کے خلاف کام کیا، جبکہ پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کے مشن پر کام کرتے ہوئے ملک وقوم کی خدمت کر رہی ہے۔

پیپلزپارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری خواجہ اویس مشتاق ایڈووکیٹ کی رہائش گاہ پر پارٹی کارکنوں سے بات چیت کے دوران قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ نواز شریف اور عمران خان نے کرپشن و لوٹ مار کی سیاست کر رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی آئندہ عام انتخابات میں بھرپور کامیابی کے بعد دوبارہ اقتدار میں آکر تعمیر و ترقی اور خوشحالی کیلئے انقلابی اقدامات کرے گی۔ تقریب میں ڈویثرنل صدر پیپلزپارٹی طاہر اختر اعوان، ضلعی صدر پیپلز پارٹی چوہدری اعجاز چیمہ، پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن کے صوبائی راہنما فیصل گجر اور دیگر بھی موجو دتھے۔

قمر الزمان کائرہ نے مزید کہا کہ پنجاب میں بھی پیپلزپارٹی کی حکومت ہوگی اور اب سپریم کورٹ سے نااہل ہونے کے بعد نواز شریف سیاست سے ہمیشہ کیلئے آؤٹ ہوگئے ہیں اور انہیں قوم کے سامنے اپنی غلطیوں کو اعتراف کرتے ہوئے معافی مانگنی چاہیے اور سیاست کو اب یہ چھوڑ دیں کیونکہ آنے والا دور پیپلز پارٹی کا ہے۔ پیپلز پارٹی کو ہر دور میں اقتدار سے دور کرنے کیلئے سازشیں کی گئیں ہیں کیونکہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک میں غریبوں کو آگے لانے اور انہیں خوشحال بنانے کیلئے جدوجہد کی ہے۔

قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکن آئندہ عام انتخابات میں بھرپور کامیابی کیلئے دن رات جدوجہد کریں اور شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کا پیغام پہنچائیں اور آج شہید بے نظیر بھٹو کا دلیر بیٹا بلاول بھٹو میدان میں آچکا ہے اور اس کی قیادت میں عوام متحد ہیں کیونکہ عوام بھی سمجھتے ہیں کہ ان کے مسائل اب بلاول بھٹو زرداری حل کرے گا اور پاکستان کو حقیقی معنوں میں ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایٹم بم بنانے والے سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو شہید ذوالفقار علی بھٹو پاکستان لائے تھے اور ایٹمی پروگرام شروع کیا تھا جس کی وجہ سے آج پاکستان ایٹمی قوت بن چکا ہے۔ موجودہ دور میں مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت، کرپشن، بدعنوانی میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے، لیکن عوام کو ان مسائل سے پیپلزپارٹی کی حکومت نجات دلائے گی۔

مزیدخبریں