بھارت نے پاکستانی زائرین کے مذہبی ویزوں پر پابندی لگا دی

07:13 PM, 1 Mar, 2018

لاہور: بھارت نے پاکستانی زائرین کے مذہبی ویزوں پر غیر اعلانیہ پابندی لگادی، جبکہ معاہدہ کے مطابق بھارت پاکستانیوں کو عرس میں شرکت کے لئے 500 ویزے جاری کرنے کا پابند ہے۔

پاکستان سے ہر سال سیکڑوں زائرین عظیم روحانی بزرگ حضرت معین الدین چشتی  کے عرس میں شرکت کے لیے بھارتی ریاست راجستھان کے شہر اجمیر کا رخ کرتے ہیں، اس سلسلے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک معاہدہ بھی موجود ہے، جس کے تحت نئی دلی سرکار 500 پاکستانیوں کو عرس میں شرکت کے لئے ویزے جاری کرنے کی پابند ہے۔

اسی سلسلے میں رواں برس بھی سیکڑوں پاکستانیوں نے بھارتی ہائی کمیشن کو ویزوں کے لئے درخواستیں دی تھیں، تاہم عرس کے آغاز سے چند روز قبل ہی بھارتی حکام نے تمام درخواستیں مسترد کر دیں۔ جس کے نتیجے میں اب پاکستانی عرس میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔

واضح رہے کہ اس سی قبل دسمبر میں بھی بھارت نے پاکستانی زائرین کو معروف روحانی بزرگ حضرت خواجہ نظام الدین اولیا کے عرس میں شرکت سے روک دیا تھا۔

مزیدخبریں