لاہور: عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے بھارتی فلم میں شامل اپنے گانے کی تشہیر کرنے سے انکار کردیا، جس کی وجہ حال ہی میں بھارت کے مرکزی وزیر اور سابق گلوکار بابل سپریو کی جانب سے پاکستانی فنکاروں پر پابندی عائد کیے جانے کے مطالبے کو سمجھا جا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عاطف اسلم نے آنے والی بالی ووڈ فلم ’داس دیو‘ کے پروڈیوسر سنجیو کمار کی جانب سے بار بار درخواستیں کیے جانے کے باوجود فلم کے گانے ’سہمی ہے دھڑکن تو کیا ہوا‘ کی تشہیر کرنے سے انکار کیا۔عاطف اسلم کی آواز میں یہ گانا ’داس دیو‘ فلم کا حصہ ہے، اور مبینہ طور پر پاکستانی گلوکار نے بھارتی فلم کی ٹیم سے اس گانے کی تشہیر کرنے کا وعدہ بھی کیا تھا، تاہم اب انہوں نے ایسا کرنے سے انکار کردیا۔فلم پروڈیوسر کے مطابق انہیں سمجھ نہیں آ رہا کہ عاطف اسلم نے ایسا کیوں کیا۔ جبکہ اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ عاطف اسلم نے اپنی ہی گانے کی تشہیر سے کیوں انکار کیا۔
واضح رہے کہ ’سہمی ہے دھڑکن تو کیا ہوا‘ گانا گزشتہ ماہ 21 فروری کو ریلیز کیا گیا تھا، جسے اب تک 17 لاکھ 90 ہزار سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔