اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کر دیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ حکومت نے تیل کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ بڑھانے کی ایک اور کوشش کی ہے۔
حکومت نے تیل کی قیمتوں میں تازہ ترین اضافے کے ذریعے عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ بڑھانے کی ایک اور کوشش کی ہے۔ کتنے شرم کا مقام ہے کہ حکومت طاقتور طبقے سے تو ٹیکس لے نہیں رہی الٹا شریفوں اور اس قماش کے دوسرے لوگوں کو منی لانڈرنگ کے ذریعے قومی وسائل لوٹنے کی کھلی چھوٹ دیے ہوئے ہے۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) March 1, 2018
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت طاقتور طبقے سے تو ٹیکس لے نہیں رہی لیکن شریفوں اور ان جیسے دوسرے لوگوں کو منی لانڈرنگ کے ذریعے قومی وسائل لوٹنے کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔
یاد رہے گزشتہ روز وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی جس کے بعد قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر اپوزیشن برہم
نوٹی فکیشن کے مطابق پیٹرول 3 روپے 56 پیسے اور ڈیزل 2 روپے 62 پیسے فی لٹر مہنگا جب کہ مٹی کا تیل 6 روپے 28 پیسے اور لائٹ ڈیزل ایک روپے فی لٹر مہنگا کیا گیا ۔ پیٹرول کی قیمت اضافے کے بعد 88 روپے 7 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
خیال رہے وفاقی حکومت نے گزشتہ ماہ بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا۔ حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 28 پیسے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل 5 روپے 92 پیسے، لائٹ ڈیزل 5 روپے 93 پیسے فی لیٹر اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں 5 روپے 94 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔
گزشتہ ماہ جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن میں قیمتوں میں اضافے کی وجہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ قرار دیا گیا تھا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں