کوئٹہ:ملکی فضاﺅں کی پاسبان پاک فضائیہ میں جے ایف 17 تھنڈر سے لیس نئے سکواڈرن کا اضافہ ہوگیا ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق جے ایف 17 تھنڈر سے لیس نئے ملٹی رول سکواڈرن قائم کیا گیا ہے جسے نمبر 28 ملٹی رول سکواڈرن کا نام دیا گیا ہے،نئے سکواڈرن کا نعرہ”خودی کو جس نے فلک سے بلند تر دیکھا“ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مصر کا جے ایف 17طیاروں کی خریداری میں اظہاردلچسپی
نئے سکواڈرن کی تعارفی تقریب کوئٹہ کے پی اے ایف بیس سمنگلی میں ہوئی،مہمان خصوصی پاک فضائیہ سربراہ ایئرچیف مارشل سہیل امان تھے جنہوں نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ دشمنانِ پاکستان کی سازشوں کا بخوبی ادراک ہے،ہمارا عزم غیر متزلزل اور مقصد واضح ہے، ہم ایک امن پسند قوم ہیں جو نہیں چاہتے کہ کوئی ہماری فضائی حدود کی خلاف ورزی کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی ہے اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہماری جدوجہد کے صلے میں ملک میں امن کی بحالی ممکن ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:جے ایف-17 تھنڈر، بلاک تھری بنانے کی منظوری دیدی گئی
ایئر چیف نے کہا کہ قوم کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ کٹھن حالات کے باوجود ہمارا عزم غیر متزلزل اورکسی بھی فضائی خلاف ورزی کی صورت میں ہم دفاع کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ان کایہ بھی کہنا ہے کہ بلوچستان ایک عظیم صوبہ ہے اور ہم سب کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے، یہاں کے لوگوں کا رویہ دوستانہ اور جذبہ حب الوطنی سے بھرپور ہے جن کے کردار کو وطن کی ترقی میں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
سی پیک کے حوالےسے ایئر چیف کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ ملکی ترقی میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جو انشاءاللہ نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے ملک کی تاریخ اور حالت کو بدل دے گا۔