اسلام آباد : وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملک بھر میں ایک ہی دن انتخابات کیلئے بجٹ میں 42 ارب روپے مختص کردیے گئے ہیں۔ اگر مریم نواز گرفتار ہوسکتی ہیں تو بشریٰ بی بی آسمان سے نہیں اتریں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ 90 فیصد یقین ہے کہ 9 مئی کے واقعات عمران خان کے کہنے پر ہوئے ۔ قومی سلامتی کمیٹی میں یہ اصول طے پا گیا ہے کہ جو بھی سانحہ 9 مئی میں ملوث ہوا اسے چھوڑا نہیں جائے جبکہ بے گناہ کو چھیڑا نہیں جائے گا۔
اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ سانحہ 9 مئی میں ملوث خواتین سے اس لیے رعایت نہیں کی جائے گی کہ وہ خواتین ہیں جس خاتون نے بھی جرم کیا ہے اس کو سزا ضرور ملے گی۔ پہلے سے منصوبہ بندی کی گئی تھی کہ عمران خان گرفتار ہوگا تو کس نے کہاں حملہ کرنا ہے۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے۔ اگر مریم نواز شریف کو گرفتار کیا جا سکتا ہے تو عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی آسمان سے نہیں اتریں کہ انہیں گرفتار نہ کیا جائے ۔ ڈالر ایران اور افغانستان سمگل کیا جا رہا ہے جلد صورتحال پر قابو پالیں گے۔