عمران خان نے کچھ دن کی مہلت دیکر حکومت کو آخری موقع دیا ہے :چوہدری پرویز الہٰی

عمران خان نے کچھ دن کی مہلت دیکر حکومت کو آخری موقع دیا ہے :چوہدری پرویز الہٰی

لاہور:سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے کہ عمران خان نے مزید کچھ دن کی مہلت دی ہے تاکہ جلد از جلد الیکشن کی تاریخ کا اعلان کیا جائے ،کیونکہ ملک کی سیاست اہم موڑ پر ہے ۔

پاکستان مسلم لیگ ق کے سینئر رہنما چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ اس وقت حکومت نام کی کوئی چیز موجود ہی نہیں ، حقیقی آزادی مارچ کی کامیابی کا اس سے بڑا ثبوت اور کیا ہو گا کہ ابھی اعلان ہوا نہیں لیکن جعلی حکومت نے ایک بار پھر شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر ابھی سے کنٹینر لگا کر بند کرنا شروع کر دئیے ہیں۔

انہوں نے کہا  عمران خان نے حکومت کو کچھ دن کی مہلت دے کر ایک موقع فراہم کیا ہے کہ جلد از جلد الیکشن کی تاریخ کا اعلان کر دیا جائے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ امپورٹڈ حکمران اقتدار کے نشے میں چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کر رہے ہیں، لانگ مارچ کے دوران بچوں، بزرگوں اور عورتوں پر لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کر کے ن لیگ کی حکومت نے سانحہ ماڈل ٹائون کو دہرایا ہے، اگر سانحہ ماڈل ٹائون کے مرکزی کرداروں کو اسی وقت سزا دے دی جاتی تو آج یہ واقعات رونما نہ ہوتے۔

 انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عوامی فلاحی منصوبے شروع کیے، 1122 کی کامیابی سے متاثر ہو کر اب تو سندھ نے بھی اس سروس کو شروع کر دیا ہے جس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، پنجاب میں بھرپور مخالفت کے باوجود اس منصوبے کو بند نہ کیا جا سکا اور آج بھی یہ سروس کامیابی سے جاری ہے۔