اسلام آباد:رہنما تحریک انصاف عالیہ حمزہ نے الیکشن کمیشن کے طرز عمل پر سخت تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن ن لیگ کے گٹھ جوڑ سے ووٹر فہرستوں میں ہیر پھیر کر رہا ہے، کمیشن نے لوگوں کے ووٹ خود بخود دوسری جگہ منتقل کر دئیے ہیں، الیکشن کمیشن ووٹر لسٹوں کے ساتھ ابجینئرنگ کر رہا ہے، سپریم کورٹ الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹ منتقلی کا نوٹس لے۔
تحریک انصاف کی رہنما عالمیہ حمزہ نے الزام عائد کیا کہ ہمارے کارکنان کے دوسرے حلقوں میں ووٹ منتقل کر دیے گئے ہیں، سپریم کورٹ الیکشن کمیشن کو ووٹ منتقل نہ کرنے کا پابند بنائے، الیکشن کمیشن کی کوشش ہے کہ تحریک انصاف کے حلقوں میں ٹرن آوٹ کم رہے، الیکشن کمیشن نتائج کو مینیج کرنے کا قبل از وقت دھاندلی کا منصوبہ بنا رہاہے،الیکشن کمیشن عوام پر شب خون مار رہا، اس کے بھیانک نتائج نکلیں گے۔
چیف الیکشن کمشنر نے اپنے بھانجے کو جتوانے کے لیے اسی کی مرضی کا حلقہ بنا کر دیا ہے، موجودہ کمیشن کے ماتحت انتخابات کا شفاف انعقاد ممکن نہیں رہا، الیکشن کمیشن کا طرز عمل بچی کھچی جمہوریت کے لیے زہر قاتل ثابت ہو گا، ملک کو آگے کے بجائے پیچھے دھکیلا جا رہا، ان پر سپریم کورٹ میں مقدمہ دائر کرنا چاہیے، سپریم کورٹ الیکشن کمیشن سے گارنٹی لے کہ کسی فرد کا ووٹ اس کے حلقے سے باہر منتقل نہیں ہو گا، الیکشن کمیشن پنجاب کے حلقوں میں رہزنی کر رہا، الیکشن شفاف نہ ہوئے تو ملک بڑے بحران میں مبتلا ہو جائے گا۔