واشنگٹن:امریکہ ایک نئے سیکورٹی امدادی پیکیج کے تحت یوکرائن کو درمیانے فاصلے تک مار کرنے والا راکٹ نظام فراہم کرے گا، 70 کروڑ امریکی ڈالر مالیت کے ہتھیاروں کا پیکیج تیار کر لیا گیا ہے ،یہ جنگ اُسی طرح سے چل رہی ہے جس طرح امریکہ افغانستان جنگ میں کودا تھا۔
انتظامیہ کے اعلی عہدیداروں نے بتایا کہ روس یوکرین جنگ میں امریکہ کی طرف سے دی جانے والی دفاعی امداد میں ہائی موبیلیٹی آرٹلری راکٹ سسٹمز (ہائی مارس)شامل ہیں جو یوکرائن کو اس کے مشرقی حصے میں اہداف کو زیادہ درست طریقے سے نشانہ بنانے کے قابل بنائے گا۔
اہلکاروں نے نام ظاہرنہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یوکرائنی حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ہائی مارس کو روسی علاقے کے اندر اہداف پر حملہ کرنے کیلئے استعمال نہیں کیا جائے گا۔ یہ اعلان ان اطلاعات کے سلسلے میں سامنے آیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ امریکہ یوکرائن کو طویل فاصلے تک مار کرنیوالے جدید راکٹ سسٹم مہیا کرنے کی تیاری کر رہا ہے جس کی مشرقی ڈونباس کے علاقے میں روس کیخلاف لڑائی میں کیف کو شدید ضرورت ہے۔