لانگ مارچ کے شرکاء پر تشدد، عدالت کا رانا ثناء اللہ، سی سی پی او لاہور اور ڈی آئی جی آپریشنز کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم

04:07 PM, 1 Jun, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: ایڈیشنل سیشن جج نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئٖی) کے لانگ مارچ پر تشدد کرنے کیخلاف درخواست پر  وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیدیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عدالت نے درخواست گزار حیدر مجید کی درخواست پر رانا ثناء اللہ، سی سی پی او لاہور اور ڈی آئی جی آپریشنز کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا اور سی سی پی او لاہور کو قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔

عدالت نے سیکشن 166، 352 اور  427 کے تحت مقدمہ درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ ایس ایچ او ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی کریں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماء فواد چوہدری نے عدالتی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سیشن عدالت کی طرف سے پہلا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ میں شہریوں پر تشدد، املاک کو نقصان پہنچایا گیا، یہ ابتداء ہے، پنجاب کے ہر ضلع میں قانونی کارروائی کر رہے ہیں جبکہ یہ پہلا مقدمہ درج ہوا ہے اور ابھی سینکڑوں مقدمےلائن میں ہیں۔

مزیدخبریں