لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطااللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ حماد اظہر نے پولیس کو دیکھا تو والدہ کو سامنے کردیا، پولیس کے سامنے اپنے گھر والوں نہ لائیں۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لیگی رہنما عطا تارڑ نے کہا کہ پنجاب میں کابینہ سازی کا مرحلہ مکمل ہو گیا، کابینہ اجلاس میں وزرا کو حلف اٹھانے پر مبارکباد دی گئی۔
عطاتارڑ نے مزید کہا کہ 50لاکھ ٹن گندم کی پرکیورمنٹ کاٹارگٹ پورا کرلیا، قلیل وقت میں گندم کی خریداری مکمل کی جبکہ خیبرپختونخوا حکومت ایک لاکھ 30ہزار ٹن گندم کا ہدف پورا نہ کر سکی، خیبر پختونخوا کی جانب سے حکومت پنجاب کو 2خط لکھے گئے جس میں پنجاب سےگندم فراہم کرنے کا کہا گیاہے، خیبر پختونخوا اب پنجاب کےساتھ ایم او یو دستخط کرنا چاہتا ہے، ،پنجاب میں گندم کثیرتعدادمیں موجودہے تاہم ہمارافرض ہےخیبرپختونخوا کی گندم کےحوالےسےضرورت پوری کی جائے۔اسی لئے وسیع تر قومی مفاد میں خیبر پختونخوا کو گندم دینے کا فیصلہ کیا ہے۔گزشتہ حکومت نے اضافی فصلوں کا بہت شور مچایا تاہم اضافی فصلوں کےباوجود عوام کو آٹا میسر نہیں تھا۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ گھی پرسبسڈی دینےکافیصلہ ہوا ہے،کابینہ نےمنظوری دےدی ہے۔ 10کلوآٹےکاتھیلا 490 روپےمیں مارکیٹ میں دستیاب ہے جبکہ وزیراعلیٰ نےپرائس کنٹرول کمیٹیوں کاجائزہ لینےکی ہدایت کی ہے،مہنگائی پر قابوپانےکےلیے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا بھر میں خوراک کی قلت کا مسئلہ ہے، عالمی ادارےخوراک کی قلت کے حوالے سے بہت تگ ودوکررہےہیں۔
عطاتارڑ نے پی ٹی آئی لانگ مارچ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے سامنے اپنے گھر والوں کو نہ لائیں، حماد اظہر نے پولیس کو دیکھا تو والدہ کو سامنے کردیا۔