اسلام آباد: امپورٹڈ مصنوعات سے متعلق ملک بھر کے ایئرپورٹس پر تعینات پاکستان کسٹمز کے عملے کو نئی ہدایات جاری کرتے ہوئے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے سامان میں امپورٹڈ مصنوعات سے متعلق ہراساں نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ مسافروں کی سہولت کیلئے ایئرپورٹس پر تعینات عملے کی نگرانی اسسٹنٹ کلیکٹر اور ڈپٹی کلکٹر کے ماتحت کی جائے گی۔
مسافروں کو سہولت سے متعلق ہدایات پر عمل درآمد کیلئے ایئرپورٹس پر تعینات کلیکٹرز کو اچانک دوروں کی ہدایت بھی کی گئی ہے تاکہ اس حوالے سے جاری کی گئی نئی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کسٹمز عملے کی طرف سے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے سامان سے بچوں کے کھانے پینے کی اشیاءضبط کرنے کی شکایات سوشل میڈیا پر سامنے آئی تھیں جس کے پیش نظر حکومت نے کسٹمز کو نئی ہدایات جاری کی ہیں۔