الیکشن کمیشن کے 2 نئے ممبران نے حلف اٹھا لیا

09:44 AM, 1 Jun, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے دو نئے ممبران نے حلف اٹھا لیا ہے اور اب تمام صوبوں سے الیکشن کمیشن کے ممبران مکمل ہو گئے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے 2 نئے ارکان سے حلف لیا جبکہ سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے نئے ممبران کو الیکشن کمیشن کاحصہ بننے پر مبارکباد دی۔
عمر حمید خان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت عارف علوی نے الیکشن کمیشن کے دونوں ممبران کی تقرری کی ہے جس کے بعد تمام صوبوں سے ای سی پی کے ممبران مکمل ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 30 مئی کو صوبہ پنجاب اور صوبہ خیبرپختونخوا سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ممبران کی تعیناتی کی منظوری دی تھی۔ 
ترجمان ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پنجاب سے بابر حسن بھروانہ اور خیبر پختونخوا سے جسٹس ریٹائرڈ اکرام اللہ خان کو ممبر الیکشن کمیشن تعینات کیا گیا ہے۔ 
ایوان صدر کے مطابق یہ دونوں تعیناتیاں آئین کے آرٹیکل 218 (2) بی کے تحت وزیر اعظم کی ایڈوائس پر کی گئی ہیں جبکہ دونوں آسامیاں سابقہ ممبران کی ریٹائرمنٹ کے بعد خالی ہوئی تھیں۔

مزیدخبریں