اسلام آباد: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے سفارتکاروں اور ان کے اہل خانہ کیلئے نیا سفری ہدایات نامہ جاری کر دیا ہے جس کے مطابق کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیدیا گیا ہے۔
ترجمان سی اے اے سعد بن ایوب کے مطابق سفری ہدایات نامہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی ہدایت پر جاری کیا گیا ہے اور سفارت کاروں اور اہل خانہ کیلئے کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے تاہم پاکستان آمد پر لازمی ریپڈ اینٹی جنٹ ٹیسٹ کی شرط ختم کردی گئی ہے۔
سی اے اے ترجمان کا کہنا ہے کہ سفارتکاروں اور اہل خانہ کیلئے پاکستان آمد سے 72 گھنٹے قبل کی منفی کورونا ٹیسٹ رپورٹ پیش کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ گھر میں قرنطینہ رہنے کے دوران دوسرے اور آٹھویں روز پی سی آر ٹیسٹ بھی لازمی قرار دیا گیا ہے البتہ سفارت کار اور اہل خانہ ریپڈ اینٹی جنٹ ٹیسٹ منفی ہونے پر قرنطینہ سے مستثنیٰ ہوں گے۔