اسلام آباد: چیئرمین پاکستان علماءکونسل اور وزیراعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی علامہ طاہر اشرفی نے پاکستانیوں کیلئے ویزا بحالی پر کویتی قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان علماءکونسل علامہ طاہر اشرفی نے وفاقی دارالحکومت میں کویتی سفارتخانے کا دورہ کرکے پاکستان میں کویتی سفیر نصار عبدالرحمان المطیری سے ملاقات کی اور پاکستانیوں کیلئے ویزا بحالی پر کویتی قیادت سے تشکر کا اظہار کیا۔
کویتی سفیر نے کورونا وباءکے دوران پاکستانی ڈاکٹروں کے کویت جانے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کویت کے تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے جبکہ اس موقع پر علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ برادر اسلامی ملکوں کے ساتھ ہر سطح پر اور تمام شعبوں میں تعلقات کا اضافہ پاکستان کا ہدف ہے۔
واضح رہے کہ کویت نے 10 سال بعد پاکستانیوں کیلئے فیملی، بزنس اور ٹیکنیکل ویزا کی سہولت بحال کی ہے اور اس حوالے سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں بتایا گیا کہ وزیر داخلہ شیخ رشید نے کویت کے وزیراعظم شیخ صباح خالد الحامد الصباح سے ملاقات کی جس میں کویتی وزیر داخلہ اورپاکستانی سفیر بھی موجود تھے۔
ملاقات میں پاک،کویت دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کی امور پر گفتگو کی گئی جبکہ وزیر داخلہ نے کویتی وزیر اعظم سے ویزا بحالی پر بھی بات چیت کی جبکہ وزیر داخلہ نے کویتی وزیر اعظم کو وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے دیا گیا خصوصی مراسلہ بھی پیش کیا۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ 2011 سے بند پاکستانی شہریوں کیلئے کویتی ویزوں کی بحالی پر بڑی پیش رفت ہوئی اور دونوں ممالک نے فیملی اور بزنس ویزا فوری بحال کرنے کا فیصلہ کیا، پاکستانی ورکرز کو معاہدے کے مطابق کویتی ویزا جاری کرنے کا بھی فیصلہ ہوا ہے جبکہ خلیجی ممالک میں رہنے والے پاکستانی آن لائن ویزا لے کر کویت جا سکیں گے۔